وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ایک بار پھر وفاق سے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد میں وفاقی حکومت کی سرد مہری باعث تشویش ہے۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان عوامی پارٹی ختم نہیں ہو گی، الیکشن میں سیاسی اتحاد ضرور بنائیں گے: عبدالقدوس بزنجو
عبدالقدوس بزنجو نے واجبات کی ادائیگی نہ ہونے پر نیشنل اکنامک کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں احتجاجاً شرکت نہ کرنے کا بھی عندیہ بھی دے دیا۔
بلوچستان کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کرنے اور صوبے کا آئینی حق دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ کسی وفاقی اکائی کو مسلسل نظرانداز کرنا اور دیوار سے لگانا انتہائی غیر مناسب عمل ہے۔
وفاق کا یہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا
ان کا کہنا تھا کہ وفاق کا یہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر وفاقی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں سنجیدہ نہیں تو بلوچستان این ای سی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کا رویہ ثابت کرتا ہے کہ ماضی کی طرح یہ اجلاس بھی ہمارے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہو گا۔ ایسے اجلاس میں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں جس میں فیصلہ سازی اور عملدرآمد کا فقدان ہو۔
یہ بھی پڑھیں سابق صدر آصف علی زرداری سے بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی ملاقات
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ گزشتہ سال بھی بلوچستان حکومت کی تجویز کردہ اسکیموں کو وفاقی پی ایس ڈی پی کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ سی پیک کی باتیں کی جاتی ہیں لیکن سی پیک میں شامل منصوبوں کے ٹینڈر ہونے کے باوجود بھی ان کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔
سیلاب متاثرین کے اعلان کردہ 10 ارب میں سے ایک روپیہ بھی نہیں ملا
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے وزیراعظم پاکستان کے اعلان کردہ 10 ارب روپے سے ایک سال گزرنے کے باوجود بھی ایک روپیہ تک نہیں دیا گیا جس کے باعث متاثرین بے سرو سامانی کی حالت میں ہیں اور ہم ان کے لیے کچھ نہیں کر پا رہے جبکہ وزیراعظم متعدد درخواستو ں کے باوجود ملاقات کا وقت ہی نہیں دے رہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت آئندہ مالی سال کے لیے ایک متوازن بجٹ بنانے کے قابل بھی نہیں ہے۔ این ایف سی شیئر، وفاقی منصوبوں کے لیے فنڈز کا اجرا اور پی پی ایل کے ذمہ واجبات کے حصول کے مسائل ابھی تک نہیں حل نہیں ہوئے۔