ملک بھر میں گدھوں کی تعداد میں سالانہ اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟

جمعرات 8 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اکنامک سروے کے مطابق ملک بھر میں ہر سال گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور گدھوں کی تعداد کے حساب سے پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن چکا ہے، تاہم اس اضافے کی تصدیق اس لیے نہیں کی جا سکتی کیونکہ یہ اضافہ کسی سروے یا تحقیق کے نتیجے میں نہیں کیا جاتا، بلکہ ادارہ شماریات وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے بھیجے گئے اعداد وشمار کو ہی مرتب کر کے وزارت خزانہ کو بھیج دیتا ہے۔

ہر سال گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ ہی کا اضافہ کیوں؟

ادارہ شماریات کے سینئر افسر محمد عتیق نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ شماریات کی جانب سے وزارت خزانہ کو بھیجے گئے اعدادوشمار میں ہر سال گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ کیا جاتا ہے۔ ادارہ شماریات کو تعداد میں اضافے سے متعلق وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ آگاہ کرتا ہے۔ تاہم وزارت کسی سروے کے تحت اس اضافے کی رپورٹ جاری نہیں کرتی بلکہ ایک گروتھ ریٹ فارمولے کے تحت اندازے کی بنیاد پر ایک لاکھ کا اضافہ کر دیتی ہے، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے ہر سال گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا ہی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

سال 2006 سے لائیو سٹاک سروے نہیں ہوا

محکمہ لائیو اسٹاک کے سینئر افسر ڈاکٹر آصف رفیق نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو میں انکشاف کیا کہ پاکستان میں لائیو اسٹاک کا سروے 17 سال قبل سال 2006 میں کیا گیا تھا، اس کے بعد سروے نہیں کیا گیا۔ ادارہ شماریات محکمہ لائیو اسٹاک سے کوئی بھی معلومات حاصل کیے بغیر ہی لائیو اسٹاک کی تعداد میں اضافے کی رپورٹ جاری کر دیتا ہے۔ سینئر افسر کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک کے لیے بھی یہ تشویش کی بات ہے کہ کس فارمولے کے تحت ہر سال گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

لائیو اسٹاک سروے آئندہ سال ہو گا

ادارہ شماریات کے سینئر افسر محمد عتیق نے وی نیوز کو بتایا کہ ادارہ شماریات رواں مالی سال میں مردم شماری میں مصروف تھا، لائیو اسٹاک کا سروے ہونا ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ ادارے نے اس سروے کو آئندہ سال 2023-24 کے لیے پلان کیا ہوا ہے، امید ہے کہ آئندہ مالی سال میں لائیو اسٹاک سروے مکمل کر لیا جائے گا۔

پاکستان میں ہر سال بجٹ سے ایک دن قبل اقتصادی سروے جاری کیا جاتا ہے جسے پاکستان اکنامک سروے بھی کہا جاتا ہے۔ سروے میں وزارت خزانہ مالی سال کے اکنامک انڈیکیٹر اور حکومت کی حکمت عملی سمیت سال بھر میں حاصل ہونے والے معاشی کامیابیوں کی رپورٹ جاری کرتا ہے۔ سروے میں یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ پاکستان میں فصل، اناج، جانور، گاڑیاں، سمیت دیگر اشیا کے اعداد و شمار کتنا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر سال اقتصادی سروے میں گدھوں کی تعداد میں اضافہ بتایا جاتا ہے۔

گدھوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان کا دنیا میں تیسرا نمبر

پاکستان میں ہر سال گدھوں کی تعداد میں اضافہ بتایا جاتا ہے، اور یہ کوئی معمولی نوعیت کا اضافہ نہیں بلکہ ہر سال اس تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ رپورٹ کیا جا رہا ہے۔ اب پاکستان گدھوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔ پاکستان میں سال 1999 میں گدھوں کی تعداد 38 لاکھ تھی، جبکہ سال 2016 میں یہ تعداد 52 لاکھ تک ہو چکی تھی۔ سال 2016 کے بعد ہر سال گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ رپورٹ کیا جا رہا ہے اور 2022-23 کی اقتصادی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گدھوں کی تعداد 57 لاکھ ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ گدھوں کی تعداد ایتھوپیا میں ہے، جس کے بعد چین کا دوسرا نمبر ہے جبکہ اس فہرست میں پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp