پاکستان کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے سویڈش حکومت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سویڈن کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کو تجارتی وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے 6 سے 8 جون کو اسٹاک ہوم میں یورپین کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سویڈن کا دورہ کیا۔
یورپین کونسل برائے خارجہ تعلقات ( ای سی ایف آر) کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیر مملکت برائے امورخارجہ حنا ربانی کھر نے سویڈش کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقیاتی تعاون اورغیر ملکی تجارت اور سویڈش پارلیمنٹ کے فرسٹ ڈپٹی سپیکر کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
دورے کے دوران حنا ربانی کھر نے سویڈن کے معروف کاروباری اداروں کے سی ای اوز کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے سویڈش ٹی وی اور ریڈیو کو انٹرویو بھی دیا۔
وزیر مملکت نے سویڈن کے قومی دن کے موقع پر سویڈش وزیر برائے بین الاقوامی ترقیاتی تعاون اورغیر ملکی تجارت جوہان فورسل کو مبارکباد دی۔
حنا ربانی کھر نے اپنے دورے کے دوران سویڈش حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں توانائی، پائیدار ٹیکنالوجیز، ویسٹ مینجمنٹ، آئی سی ٹی، ہنرمند افراد کی برآمد اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سویڈش کمپنیوں پرزور دیا کہ وہ پاکستان میں کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے تباہ کن سیلاب کے بعد سویڈش حکومت کی جانب سے پاکستان کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔
وزیرمملکت برائے امورخارجہ نے سویڈن کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کو تجارتی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
دورے کے دوران وزیر مملکت نے سویڈش پارلیمنٹ کے فرسٹ ڈپٹی اسپیکر رکسداگ کنیتھ جی فورسلونڈ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اورعالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے وہاں کی تاجر اور کاروباری کمیونٹی کے رہنماؤں کے مختلف عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کی حکومت کے بھرپورتعاون کا یقین دلایا۔