وزیر اعظم کی یقین دہانی، بی اے پی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ مشروط طور پر واپس لے لیا

جمعہ 9 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی یقین دہانی کے بعد بلوچستان کی حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا۔ وزیر اعظم نے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے واجبات کی عدم ادائیگی پر وزیر اعلیٰ میرعبد القدوس بزنجو نے آئندہ مالی سال 2023-24 کے بجٹ اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین اسمبلی و سینیٹ ممبران کو سیشن میں شرکت نہ کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

جس پر جمعہ کو وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، قومی اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے پارلیمانی لیڈرمیر خالد خان مگسی اور سینیٹرنصیب اللہ بازئی پر مشتمل ایک وفد نےملاقات کی۔

وزیراعظم نے ’پی پی ایل‘ بلوچستان کے واجبات فوری ادا کرنے کی ہدایت کر دی

ملاقات میں وزیراعظم کو وفد کی جانب سے صوبے کو درپیش مسائل کی فہرست دی گئی اور تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) وفاق میں ہماری مضبوط اتحادی ہے۔ بلوچستان کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم بلوچستان کے عوام کے تحفظات دور کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پی پی ایل کے واجبات بھی فوری ادا کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے بلوچستان کے مالی مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے وفاقی اور صوبائی اراکین پارلیمنٹ کمیٹی کا حصہ ہوں گے جب کہ کمیٹی پیر کو اجلاس منعقد کرے گی جس میں کمیٹی کی سفارشات کو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں شامل کیا جاۓ گا۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان نے مسائل کے حل کی جانب پیش رفت پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم پاکستان اپنے وعدے کا پاس رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے وزیراعظم کا وعدہ اوراعلان ماضی کے برعکس عملی طور پر سامنے آۓ گا۔ بلوچستان حکومت کے مؤقف اور یہاں کے مسائل سے متعلق آج وزیراعظم کو تفصیلی مراسلہ ارسال کر دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی بجٹ کے بائیکاٹ کا فیصلہ مشروط طور پر واپس لیتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کو بجٹ اجلاس میں شرکت کی ہدایت کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp