آئندہ مالی سال 24-2023 کے لیے سرکاری شعبہ جات کے ترقیاتی پروگرام میں ’وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ‘ کے لیے 1 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
سرکاری شعبہ جات کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کے 14جاری منصوبوں کے لیے 1 ارب 70 کروڑ روپے جب کہ 3 نئے منصوبوں کےلیے 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق اسلام آباد، فیصل آباد، واہ کینٹ، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اورسوات میں ہاکی ٹرف کی تبدیلی کے لیے 25 کروڑ روپے، میگا ایونٹس میں شرکت کے لیے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے اورآلات کی خریداری کےلیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن اوربحالی کےلیے 61 کروڑ 17 لاکھ روپے، بائیومکینیکل لیب کے قیام کےلیے 12کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق اسپورٹس کمپلیکس میں شاہراہوں، فٹ پاتھس، مین گیٹ اور سیکیورٹی سسٹم کی بحالی اورتعمیرکے لیے 10 کروڑ 35 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ قومی کھیلوں کےانعقاد کے لیے بھی 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔