انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہفتہ کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔ یاسمین راشد پر 9 مئی کے واقعات میں توڑ پھوڑ کرنے اورعسکری ٹاور حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے اور ان کے خلاف دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔
ہفتہ کے روز پولیس نے یاسمین راشد کو عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے استدعا کی کہ مزید تفتیش کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما کو جسمانی ریمانڈ پر بھیج دیا جائے۔
عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ یاسمین راشد کو 12 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب کی عبوری حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما یاسمین راشد کی جناح ہاؤس پر حملے کے مقدمے بریت کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔
اس سے قبل لاہور پولیس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت تمام سازشی، منصوبہ ساز اور توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی مرکزی صدر یاسمین راشد کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کی سیکشن تھری کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔