سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین 9 اور 10 جون کی درمیانی شب شمالی وزیرستان، میران شاہ میں شدید جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 بہادر جوان جام شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے دفتر تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئی ہیں، شہداء میں صوبیدار اصغر علی، سپاہی نسیم خان اور سپاہی محمد زمان شامل ہیں۔
صوبیدار اصغر علی شہید کی عمر 40 سال جبکہ تعلق لکی مروت سے تھا۔ سپاہی نسیم خان شہید کی عمر 26 سال اور تعلق لکی مروت سے تھا۔ سپاہی محمد زمان شہید کی عمر 22 سال اور تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔
پاک فوج کے شہید جوانوں نے دہشت گردوں کا کمال جرات و بہادری سے مقابلہ کیا۔ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی مسلح افواج دہشت گردی کے ناسور کے جڑ خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی لازوال قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔