انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر اکرم چیمہ اور چئیرمین شاہ فیصل ٹاؤن عابد جیلانی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
9 مئی کو ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر اکرم چیمہ اور چئیرمین شاہ فیصل ٹاؤن عابد جیلانی کو عدالت میں پیش کیا گیا تو پولیس نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جبکہ تحریک انصاف کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہ اکرم چیمہ موقع پر موجود نہیں تھے۔
پی ٹی آئی کے وکیل ظہور محسود ایڈووکیٹ نے کہا کہ تحریک انصاف چھوڑنے والے ایک رہنما نے ویڈیو میں اکرم چیمہ کا نام لیا ہے، اکرم چیمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے، پولیس چاہے تو جیل میں جا کر تفتیش کر سکتی ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اکرم چیمہ اور عابد جیلانی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے جبکہ آئندہ سماعت پر پولیس سے پیشرفت رپورٹ بھی طلب کی ہے۔