امریکا، ایران کشیدگی دوبارہ بڑھنے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ جنگ ہونے سے مشرق وسطیٰ سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے، جس کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں قریباً ایک ڈالر فی بیرل اضافہ ہوگیا۔

رائٹرز کے مطابق منگل کو برینٹ خام تیل کے سودے 1.05 ڈالر یا 1.2 فیصد اضافے کے بعد 91.54 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.27 ڈالر یا 1.5 فیصد بڑھ کر 87.03 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

مزید پڑھیں:ایک ماہ تک تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے پر مریم نواز کا وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین

گزشتہ روز بھی برینٹ کی قیمت میں 2.7 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی میں 2.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ برینٹ ایک موقع پر 25 اگست کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی نے 21 اگست کے بعد بلند ترین سطح دیکھی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے پیر کو ایران کے خلاف مزید حملوں کی دھمکی دی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی۔ ماہرین کے مطابق اس صورتحال سے خلیج میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

شپنگ ڈیٹا کے مطابق پیر کو آبنائے ہرمز سے روزانہ صرف 5 تجارتی جہاز گزرے، جبکہ 10 روز کی اوسط قریباً 14 جہاز یومیہ ہے۔ ان 5 جہازوں میں کوئی بھی آئل ٹینکر شامل نہیں تھا۔

قطر اور عمان سمیت ثالث ممالک کی جانب سے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے سفارتی کوششیں تاحال خاطر خواہ پیشرفت نہیں کرسکیں۔ جنگ شروع ہونے سے قبل دنیا کی قریباً پانچویں حصے کی تیل سپلائی آبنائے ہرمز سے گزرتی تھی۔

مزید پڑھیں:عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کے لیے چیلنج بن گیا، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ

ادھر برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی کے مطابق ایک ٹینکر نے آبنائے ہرمز سے باہر نکلتے ہوئے 3 پراجیکٹائل سے زد میں آنے کی اطلاع دی ہے، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان یا ماحولیاتی آلودگی رپورٹ نہیں ہوئی۔

رائٹرز کے مطابق امریکا کے اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر میں گزشتہ ہفتے مزید 31 لاکھ بیرل کی کمی ہوئی اور ذخائر 28 کروڑ 66 لاکھ بیرل رہ گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق شپنگ میں رکاوٹیں برقرار رہنے کی صورت میں 2026 کے دوران خام تیل کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل سے اوپر رہنے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp