تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کے آج تک ہمارے خاندان کا پاک فوج سے لازوال تعلق قائم ہے، شہید اختر عبدالرحمن جس فوج کے جرنیل تھے اس پر ہمیں فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ 1948 کی جنگِ کشمیر ہو یا 1965 میں دفاع لاہور جہاد افغانستان سمیت دہشت گردی کی طویل اور کٹھن جنگ میں ہمارے آفیسرز اور جوانوں نے اپنا لوہا منوایا اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ثابت کیا ہے
ہمایوں اختر نے کہا کہ ہمارے شہداء کا لہو اور قربانیاں یہ قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ9 مئی کے واقعات نے پوری قوم کی طرح ہمارے خاندان کو بھی شدید افسردہ کیا ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
ہمایوں اختر خان کا کہنا ہے کہ ہماری پرورش چھاؤنیوں اور ایسے ہی گھروں میں ہوئی ہے جہاں جلاؤ گھیراؤ کے افسوس ناک واقعات ہوئے اور یہ سب ہمارے لیے انتہائی تکلیف دہ تھے۔ موجودہ حکومت کو ان اندوہناک ناک واقعات سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم نے ہمیشہ افواج پاکستان کا بے انتہا احترام کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ قوم اور اس کے محافظوں کا یہ محبت بھرا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔