وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان کے لیے ایران کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر موغادم اور افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی آصف درانی نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کے لیے حال ہی میں تعینات کیے گئے ایرانی سفیر ڈاکٹر موغادم کو پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور وہ ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر موغادم سے توقع ظاہر کی کہ وہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

وزیر خارجہ سے افغانستان کے پاکستان کے نمائندہ خصوصی آصف درانی نے بھی ملاقات کی اور کابل کے ساتھ پاکستان کے قریبی تعاون پر مبنی تعلقات استوار کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ’فلیگ شپ‘ منصوبوں کی جلد تکمیل ہونی چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں جاری صورت حال کا جائزہ لے رہا ہے، افغانستان کی تعمیر و ترقی اور امن پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔