غیر سعودی عازمین حج کے لیے اخراجات میں 39 فیصد کمی، حج کمپنیوں کے لیے بھی خوشخبری

پیر 26 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ اس سال بیرون سعودی عرب سے آنے والے 14 لاکھ عازمین کے لیے حج کے اخراجات 39 فیصد کم ہوئے ہیں۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، توفیق الربیعہ نے مزید کہا کہ اس سال عازمین حج کی خدمات میں خاطر خواہ  بہتری آئی ہے۔ ان کی خدمت کا معیار اب کورونا وبا سے پہلے والے دور جیسا ہوگیا۔

 انہوں نے بتایا کہ حج کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے۔ سعودی عرب سے باہر سے آنے والے عازمین حج کے اخراجات میں 39 فیصد کمی کی گئی ہے۔ اس طرح 14 لاکھ عازمین حج کو فائدہ ہوا۔ ہم خدمات کو بہتر بنا رہے ہیں، اخراجات میں کمی اور معیار میں اضافہ کر رہے ہیں۔

امسال حج کے دوران میں خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اب ان کی تعداد 6 سے 16 ہوگئی ہے۔

توفیق الربیعہ نے بتایا کہ سعودی عرب کے مقامی حجاج کے لیے بھی اخراجات کم کیے گئے ہیں۔ انہیں قسطوں پر اخراجات ادا کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ابتدائی پیکیج 3984 سعودی ریال کا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ رواں سال  سب سے اہم سہولت ’نسک حج‘ کے نام سے شروع کی گئی ہے۔ یہ پروگرام امریکا، یورپ، آسٹریلیا کے شہریوں کے لیے 7 زبانوں میں ہے۔

وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ سعودی حکومت عازمین حج کو دئیے گئے پیکیجز میں ہونے والے فراڈ پر نظر رکھے گی۔ صرف ’نسک حج‘ ہی عازمین حج سے ادائیگیاں لینے کا مجاز ہے۔ عازمین حج سے فراڈ نہ ہو، اس غرض سے ہم نے مانٹیرنگ کے لیے بے شمار لوگ بھرتی کر رکھے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس سعودی حکومت نے 160 ملین سعودی ریال عازمین کو واپس دلائے تھے۔ یہ ان کمپنیوں سے واپس لیے گئے تھے جنہوں نے عازمین حج کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی خلاف ورزی کی تھی۔

توفیق الربیعہ نے کہا کہ ہم معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنی کے ساتھ رو رعایت نہیں برتیں گے۔ اور ان تمام کمپنیوں کو انعامات، سہولیات اور اعزازات سے نوازا جائے گا جو عازمین حج کو مطمئن کریں گی۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت عازمین حج و عمرہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ اس سے قبل عمرہ کے لیے آنے والوں کے لیے ویزا کی مدت30 دن سے بڑھا کر 90 روز کی جاچکی ہے۔ یوں اب عازمین عمرہ 3 ماہ تک سعودی عرب میں قیام کرسکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp