دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے منگل کو ٹوکیو میں اپنے جاپانی ہم منصب شیگیو یاماڈا کے ساتھ دو طرفہ سیاسی مشاورت کا 13 واں دور مکمل کر لیا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر اسد مجید خان اور شیگیو یاماڈا نے پاکستان جاپان تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا اور دیرینہ مضبوط تعلقات کو جاری رکھنے، انہیں مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے سیکرٹری خارجہ نے جاپان کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور مسٹر تاکی شونسوک اور قومی سلامتی کے مشیر مسٹر تاکیو اکیبا اور جاپان پاکستان ایسوسی ایشن کے صدر شون امیزومی سے بھی ملاقات کی ہے اور دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس موقع پر جاپان کے سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے عوام اور حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جاپان جولائی 2023 کے پہلے ہفتے میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جاپان کا منتظر ہے۔
اس سے قبل دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیرھواں دور 27 جون 2023 کو ٹوکیو جاپان میں ہوگا۔
اس سے پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا بارہواں دور 24 فروری 2020 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔
باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مشاورتی اجلاس کے دوران دونوں اطراف کے وفود پاکستان اور جاپان کے درمیان گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، باہمی روابط، سائنس اور ٹیکنالوجی، ثقافتی ، دونوں ممالک کے درمیان گہری وابستگی سمیت تمام دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہیں۔