وکیل قتل کیس: کوئٹہ نہیں جاسکتا سماعت اسلام آباد میں رکھی جائے، عمران خان کی سپریم کورٹ سے درخواست

پیر 3 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ سے وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس کی سماعت کوئٹہ کی بجائے اسلام آباد عدالت میں مقرر کرنے کی استدعا کر دی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی ہے اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ اسلام آباد سیٹ ہر مقدمے کی سماعت کی جائے، درخواست کی سماعت کل ہی کی جائے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار زندگی کو خطرے کے پیش نظر کوئٹہ کا سفر نہیں کرسکتا، مقدمے کی سماعت اسلام آباد پرنسپل سیٹ میں کی جائے اور درخواست کی سماعت کل ہی کی جائے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نامزد کیا گیا تھا۔

عمران خان نے اس کیس میں نامزدگی کو بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلینج کیا تھا تاہم بلوچستان ہائی کورٹ نے عمران خان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

بلوچستان ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ایڈووکیٹ عبدالرزاق شر قتل کی جے آئی ٹی تشکیل دی جا چکی ہے جبکہ وقوعہ کے مختلف پہلوؤں کی تفتیش جے آئی ٹی کی جانب سے ہونا باقی ہے اس مرحلے پرتفتیش کے عمل کو نہیں روکا جا سکتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp