ملک بھر میں پیر سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ اسلام آباد سمیت کچھ شہروں کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں اور پیر 3 جولائی سے 8 جولائی کے دوران ملک بھر میں مون سون بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
علاوہ ازیں بارکھان، لسبیلہ، ڈیرہ اسماعیل خان، ملتان، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ، عمر کوٹ اور حیدر آباد میں بھی گرج اور چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
میٹرولجسٹ راشد بلال نے موسم کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ 3 جولائی کی شب سے شروع ہو گا اور 8 جولائی تک جاری رہے گا جس کے بعد پھر ایک بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔
راشد بلال کا کہنا تھا کہ 4 سے 7 تاریخ کے دوران جو بڑے شہروں بشمول اسلام آباد ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، پشاور اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں زیادہ بارش کے باعث اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے جب کہ مری گلیات، کشمیر، گلگت اور دیگر پیاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
بارشوں کا یہ سلسلہ جب مشرق سے چلتا ہوا آتا ہے تو یہ آگے بڑھتا رہتا ہے اور راہ میں جو بھی علاقے آتے ہیں وہاں بارشیں ہوتی ہیں۔ مشرق سے اگر یہ بارشوں کا سلسلہ آتا ہے تو سب سے پہلے اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں بارش کے امکانات ہوں گے۔
عوام کے تحفط کے حوالے سے بات کرتے ہوئے راشد بلال کا کہنا تھا کہ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے کمزور انفرا اسٹرکچر کونقصان پہنچ سکتا ہے اور اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔ اس حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد تنویر کی جانب سے سیکریٹری ہاؤسنگ کو بریفنگ دی گئی اور اسلام آباد میں نالہ لئی میں کوڑاکرکٹ و تعمیراتی ملبہ پھینکے جانے کی روک تھام کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے ذرائع کے مطابق اربن فلڈنگ کے خدشے کے باعث ضلعی اداروں کو مطلع کر دیا گیا ہے تاکہ تمام ادارے اس بات کو یقنی بنائیں کہ سیلابی صورتحال میں شہریوں کو بچایا جا سکے۔ راولپنڈی میں پانی بھرنے کی شکایات سے نمٹنے کے لیے 4 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ لیاقت باغ، موتی محل، کمرشل مارکیٹ، سیٹلائٹ ٹاؤن، باغ سرداراں اور خیابان سرسید میں فلڈ ریسپانس یونٹس قائم کردیے گئے ہیں۔
اس کے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو ملبے اور دیگر رکاوٹوں سے پاک رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں گٹر اور نالہ لئی کی صفائی کے انتظامات بھی جاری ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری و عملے اور ضلعی انتظامیہ کو ایمرجینسی میڈیکل عملے کی موجودگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔
دریں اثنا این ڈی ایم اے کی جانب سے کسان اور مویشی مالکان کو موسمی حالات کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقہ مکینوں کو پیشگی اطلاع فراہم کریں۔