منی لانڈرنگ کیس، پرویز الٰہی کی اہلیہ سارہ انور اور گن مین سے رابطوں کی تصدیق

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف ایف آئی اے میں دائر مقدمے میں ان کے گن مین محمد زمان کے موبائل سے اہم آڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق محمد زمان کے موبائل فون سے اہم شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں۔ آڈیوز میں سنا جاسکتا ہے کہ پرویز الٰہی اور محمد زمان رقم کے لین دین پر بات کررہے ہیں۔

ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ محمد زمان کی پرویز الٰہی کی مبینہ اہلیہ سارہ انور کے گھر پر 71 دفعہ موجودگی تکنیکی سہولتوں سے ثابت ہوگئی۔ اس کے علاوہ پرویز الٰہی کی جانب سے محمد زمان سے 154 مرتبہ اور اپنی مبینہ اہلیہ سارہ انور سے 683 مرتبہ بات کرنا بھی ثابت ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ پرویز الٰہی کے گن مین محمد زمان کو ایف آئی اے نے چند روز پہلے گرفتار کیا تھا۔ محمد زمان کو اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے سرکاری گاڑی میں شراب کی ترسیل کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا اس کی بھی جیو فینسنگ کروا لی گئی ہے۔

یہ بھی واضح رہے کہ پرویز الٰہی اس وقت منی لانڈرنگ کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp