سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ نجم سیٹھی کے کچھ ساتھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کی نامزدگی کے معاملے میں اتحادی جماعتوں میں غلط فہمیاں پیدا کر رہے ہیں۔
سرفراز نواز نے آصف زرداری کو لکھے گئے خط کی کاپی وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نوازشریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھی بھجواٸی ہے۔
اپنے خط میں سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی جانب سے ذکا اشرف کو پی سی بی چیئرمین کے لیے نامزد کرنا بہترین فیصلہ ہے اور ان کے چیئرمین بننے سے قومی کرکٹ میں بہتری آئے گی۔
سرفراز نواز نے کہا کہ ذکا اشرف وزیراعظم کا انتخاب ہیں جس کا سب کو احترام کرنا چاہیے لیکن نامزد چیئرمین پی سی بی کے خلاف بلاوجہ عدالت میں مقدمات بنوائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب نجم سیٹھی اقتدار میں تھے تو پیپلز پارٹی نے کسی معاملے میں دخل اندازی نہیں کی لیکن اب سابق مینجمنٹ کمیٹی کے کچھ اراکین نجم سیٹھی کی ہدایت پر عمل پیرا ہیں ااور اتحادی جماعتوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔