وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ حکومت کی کامیابی ہے ہم نے عالمی اداروں سے جتنا مانگا، اس سے زیادہ ملا۔ سندھ میں گھروں کی تعمیر کیلئے 1.5 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیلاب جیسی قدرتی آفت ہمارے لئے قیامت سے پہلے قیامت تھی، تاریخ میں ایسی آفت پہلے کبھی نہیں آئی۔ حکومت کی کامیابی ہے کہ ہم نے عالمی اداروں سے جتنا مانگا، اس سے زیادہ ملا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے گھروں کی دوبارہ تعمیر کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، سندھ میں گھروں کی تعمیر کیلئے 1.5 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ سیلاب متاثرہ اضلاع میں تعلیم اور صحت کے اداروں کو بہت کام کرنا ہے۔ چاہتے ہیں سیلاب متاثرین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دیئے جائیں، کہا جاتا تھا یوکرین جنگ کی وجہ سے دنیا میں معاشی بحران ہے۔ مشکل گھڑی میں یو این سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔