فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور دیگر کاروباری اداروں نے پاکستان اورقازقستان کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اس اقدام سے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
یہ اقدام ایک سنگ میل ثابت ہوگا: صدر ایف پی سی سی آئی
ایف پی پی سی آئی کے صدر عرفان اقبال ملک نے میڈیا کو بتایا کہ یہ اقدام قازقستان اور دیگر وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ باہمی کاروباری اور اقتصادی انضمام کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، براہِ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے امکانات بڑھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں اپنی بندرگاہوں کی وجہ سے پاکستان بہت اہم ملک ہے، قازق سفیر
ان کا کہنا تھا کہ قازقستان کے صنعتی مرکز الماتے سے لاہور کے لیے ہفتے میں دو پروازیں معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔عرفان ملک نے کہا کہ پاکستان میں قازقستان کے سفیر دونوں برادر ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کے آغاز میں اہم کردار ادا کرنے پر تعریف کے مستحق ہیں۔
براہِ راست پروازوں کے آغاز سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مزید بہتر ہوں گے: صدر کراچی چیمبر
کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر محمد طارق یوسف نے بتایا کہ براہِ راست پروازوں کے آغاز سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری سمجھتی ہے کہ اس اقدام سے قازقستان اور وسطی ایشیا کے ساتھ تجارتی تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات مضبوط ہوں گے: صدر لاہور چیمبر
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ قازقستان وسطی ایشیا کا ایک اہم ملک ہے اور لاہور اور الماتے کے درمیان براہِ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات مضبوط ہوں گے، اس سلسلے میں پاکستان میں قازقستان کے سفیر کا کردار لائق تحسین ہے۔
لاہور چیمبر نے اسلام آباد میں قازقستان کے سفارت خانے کو لاہور اور الماتے کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے اور اس آپریشن میں قازقستان کی قومی ایئر لائن کو شامل کرنے کو بھی سراہا ہے۔
سیاحت اور ثقافتی روابط کو بڑھانے میں بھی مددملے گی، صدر فیصل آباد چیمبر
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ براہ راست پروازوں سے تجارت کے علاوہ سیاحت اور ثقافتی روابط کو بڑھانے میں بھی مددملے گی۔
کوئٹہ چیمبر کے صدر نے براہِ راست پروازوں کے آغاز کو اہم پیشرفت قرار دے دیا
کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے صدر ولی محمد نوزئی نے براہِ راست پروازوں کے آغاز کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا اورکہا کہ دونوں ممالک کے بڑے شہروں کے درمیان ایسی براہِ راست پروازیں شروع کی جانی چاہییں جن میں کوئٹہ بھی شامل ہے جس کا وسطی ایشیا سے تاریخی تعلق ہے۔
براہِ راست فضائی رابطے کا خیرمقدم کرتے ہیں: صدر پشاور چیمبر
پشاور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز آفریدی نے کہا کہ پی سی سی آئی لاہور اور الماتے کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کا خیرمقدم کرتا ہے کیونکہ ہمارے تاجر وسطی ایشیا سے تجارتی طور پر جڑے ہوئے ہیں ۔
تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، صدر اسلام آباد چیمبر
اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ قازقستان وسطی ایشیا کی سب سے بڑی معیشت ہے اور براہ راست فضائی پرواز سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی اسلام آباد کے تاجروں کے ایک بڑے وفد کے ساتھ قازقستان کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں کاروباری امکانات تلاش کر سکیں۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ وہ وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص قازقستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی روابط جیسے اقدامات سے تجارت کو فروغ ملے گا۔
گوجرانوالہ چیمبر کے صدر نے بھی اقدام کو سراہا
گوجرانوالہ چیمبر کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان لاہور سے الماتے تک براہ راست فضائی پرواز کو سراہا۔