صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے فلپائن، ایران اور روانڈا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت کو فلپائن، ایران اور روانڈا کے پاکستان کے لیے نامزد سفیروں نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور انہیں اپنے ممالک کی طرف سفارتی اسناد تقرر پیش کیں۔
اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تینوں ممالک کے سفیروں سے تجارت، معیشت، سرمایہ کاری، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایوانِ صدر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت کو فلپائن اور ایران کے نامزد سفیروں اور روانڈا کے نامزد غیر مقیم ہائی کمشنر نے جمعرات کو اپنی اپنی سفارتی اسناد تقرر پیش کیں۔
صدر مملکت نے فلپائن کی نامزد سفیر ماریا سروینٹس سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلپائن کے ساتھ تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
انہوں پاکستان اور فلپائن کے درمیان دو طرفہ تجاری اور معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت سے پاکستان کیلئے نامزد ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قائم ادارہ جاتی نظام اور نجی شعبے کے تعاون سے اقتصادی روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ ادارہ جاتی نظام مضبوط بنانے اور بارڈر مارکیٹس فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت سے پاکستان میں روانڈا کے نامزد ہائی کمشنر جیمز کیمونیو نے بھی ملاقات کی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے روانڈا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے کاروباری حضرات کو ایک دوسرے کے ملک کے دورے کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ روانڈا کے تاجرمختلف مصنوعات کی درآمد کے لیے پاکستانی مارکیٹ کا جائزہ لیں۔ صدر مملکت نے پاکستان کے لیے نامزد سفرا کو تقرری پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نامزد سفرا دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے