پشاور میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہر جھیل کا منظر پیش کرنے لگا۔ گلبہار، فقیر آباد، دلہ زاک روڈ، جی ٹی روڈ، بھانہ ماڑی، کوہاٹ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع جبکہ نوتھیہ اور صدر بازار میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ زیادہ بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی بھی آئی ہے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ لنڈی کوتل میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تیز بارش کے باعث شہری علاقوں میں بجلی بھی غائب ہو گئی۔ ترجمان پیسکو نے کہا ہے کہ پیسکو ریجن میں شدید بارش کے باعث بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ بارش کے باعث پیسکو کے 150 فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ 110 فیڈرز بارش کی وجہ سے ٹیکنیکل فالٹ کا شکار ہوئے ہیں۔
پیسکو چیف ایگزیکیٹوآفیسر عارف محمود سدوزئی نے فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ بارش کے رکتے ہی بجلی کی بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ٹیکنیکل فالٹ کا شکار ہوئے فیڈرز پر مرمت کا کام جاری ہے۔ آئندہ چند گھنٹوں میں بجلی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔ خراب موسم کے پیشِ نظر عوام سے تعاون کی اپیل ہے۔
ضلع خیبر لنڈی کوتل میں مون سون کی بارش نے تباہی مچادی، 2 افراد جاں بحق
ضلع خیبر لنڈی کوتل میں مون سون کی بارش نے تباہی مچا دی ہے، مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ درجنوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا اور اس کے ساتھ ساتھ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔
جاں بحق افراد میں ایک چھوٹا بچہ بھی شامل ہے جس کا تعلق شلمان سے ہے۔ دوسرے نوجوان کی لاش علی مسجد کے قریب سیلابی ریلے سے نکالی گئی ہے تاحال ان کی شناخت نہیں ہوئی۔
صبح سویرے مون سون کی بارش نے تباہی مچا دی، سیلابی ریلے نے کئی گھر اور ٹرالروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ شلمان میں سیلابی ریلے کے باعث کمروں کی چھتیں گر گئی ہیں رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔
صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش ہوئی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ زیادہ بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی بھی آئی ہے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔