20 سالہ ہسپانوی ٹینس پلیئر کارلوس الکراز اتوار کو ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنے 36 سالہ عظیم حریف نوواک جوکووچ کو مسلسل 5 ویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے سے روکنے کی کوشش کریں گے۔
ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز میں نوواک جوکووچ اور کارلوس الکراز باآسانی اپنے حریفوں کر شکست دے کر مردوں کی سنگلز چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں، جہاں سربیائی چیمپئن مردوں کے ریکارڈ آٹھویں سنگلز کا تاج جیت کر راجر فیڈرر کے ہم پلہ ہوسکتے ہیں۔
ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے کھیلے گئے سیمی فائنل میں جوکووچ نے جینک سنر کو باآسانی شکست سے دوچار کرکے اپنے نویں ومبلڈن فائنل تک رسائی حاصل کی۔ سربیا کے ٹینس سپر اسٹار کی اطالوی پلیئر کے خلاف فتح کچھ یوں رہی 6-3، 6-4، 7-6 (4) ۔
دوسرے سیمی فائنل میں نمبر ون سیڈ اور گزشتہ برس یوایس اوپن کے فاتح ہسپانوی کارلوس الکراز نے مدمقابل تھرڈ سیڈ ڈینیئل میدویدیف کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ومبلڈن فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ الکراز نے روس کے ڈینیئل میدویدیف کے خلاف 6-3، 6-3، 6-3 سے کامیابی حاصل کی۔
جوکووچ نے سینٹر کورٹ پر 2013 سے کوئی میچ نہیں ہارا ہے اور آل انگلینڈ کلب میں لگاتار 34 میچ جیتے ہیں۔ وہ گزشتہ ماہ فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں الکراز کو شکست دے چکے ہیں۔
تاہم الکراز پر اعتماد ہیں کہ وہ جوکووچ کو شکست دے سکتے ہیں۔ ’ہر کوئی جانتا ہے کہ جوکووچ ایک عظیم کھلاڑی ہے۔ میں خود پر یقین رکھتے ہوئے لڑوں گا۔ ڈرنے اور تھکنے کا کوئی وقت نہیں ہے۔‘
الکراز مینوئل سانتانا اور رافا نڈال کے بعد ومبلڈن مینز سنگلز فائنل میں پہنچنے والے تیسرے ہسپانوی اور چوتھے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔
ومبلڈن کے خواتین کے سنگلز کے سیمی فائنل میں تیونس کی اونس جبیور نے ایلینا رائباکینا کو تین سیٹوں میں زیر کر کے اپنی 2022 کی فائنل میں شکست کا بدلہ لے لیا جب کہ چیک پلیئر مارکیٹا وونڈروسووا نے اپنی یوکرین سے تعلق رکھنے والی حریف ایلینا سویٹولینا کی ومبلڈن میں افسانوی دوڑ کا خاتمہ کردیا۔
ومبلڈن کے خواتین کے سنگلز کا فائنل ہفتہ کے روز گزشتہ برس کی رنر اپ اونس جبیور اور چیک ری پبلک کی مارکیٹا ونڈروسووا سے ہوگا۔ 1963 میں امریکی ٹینس لیجنڈ بلی جین کنگ کے بعد ومبلڈن فائنل میں پہنچنے والی پہلی نان سیڈڈ خاتون کھلاڑی ہیں۔