پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے دہشت گردوں کو واضح پیغام کے نتیجے میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے بزدل سرغنہ نور ولی محسود کو جان کے لالے پڑ گئے ہیں اور وہ افغانستان میں چوہوں کی طرح چھپ گیا ہے۔
ٹی ٹی پی نے اپنے حالیہ بیانیے میں دہشت گرد نور ولی محسود سے ہر قسم کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ ایک طرف پاک فوج افغانستان میں ٹی ٹی پی کی کمین گاہوں کو نشانہ بنانے کا عندیہ دے چکی ہے اور دوسری جانب افغان طالبان بھی ان کی غیر شرعی احکامات اور جرائم سے تنگ آچکے ہیں۔
افغان طالبان نے ٹی ٹی پی کو ان کارروائیوں کے بدلے سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ اسی کے ساتھ ٹی ٹی پی اندرونی ٹوٹ پھوٹ کا بھی شکار ہے۔ ٹی ٹی پی کے مجاہدین اپنی قیادت کی جرائم پیشہ سر گرمیوں سے مایوس ہو کر راہیں جدا کر رہے ہیں۔
مایوس کن صورتِ حال میں دہشت گرد سرغنہ نور ولی محسود اپنی جان بچانے کی خاطر چھپتا پھر رہا ہے اور اپنے ساتھیوں سے ملاقاتوں سے بھی گھبرا رہا ہے۔ مگر یہ دہشت گرد اب زیادہ دیر تک نہیں چھپ سکتا کیونکہ اس کا عبرتناک انجام بہت قریب ہے۔