کوئٹہ کی خروٹ آباد پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والے 13 سالہ بچے کو زخمی حالات میں بازیاب کروا لیا۔
پولیس نے اغوا کار کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا ہے، ملزم نے بچے کو بدفعلی کرنے کے بعد زنجیروں سے باندھ رکھا تھا۔
ایس ایچ او خروٹ آباد نورالحسن کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ازبک بازار خروٹ آباد کے ایک مکان میں بچے کو قید کر کے رکھا گیا ہے، ایس ایچ او دیگر عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مکان کو گھیرے میں لے کر اندر داخل ہوئے۔
اغوا کار کی گھر میں پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ
گھر میں موجود ایک شخص نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے ملزم کو قابو کر کے پستول قبضے میں لے لی، گھر کی تلاشی لینے پر ایک کمرے سے زنجیروں میں جکڑا ہوا بچہ برہنہ حالت میں ملا۔
بازیاب ہونے والا بچہ پشتون آباد کے علاقے خوشحال خان روڈ کا رہائشی ہے، بچہ کپڑے فروخت کرتا تھا، ملزم اتوار کو خروٹ آباد ازبک بازار سے اسلحہ کے زور پر اغوا کر کے اسے اپنے مکان میں لے گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے زنجیروں میں جکڑ کر بچے کے ساتھ بدفعلی کی اور شور مچانے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے اغوا کار شمس اللہ کے خلاف اغوا اور بدفعلی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا جبکہ بچے کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔