امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں سالانہ مینگو فیسٹیول اور بار بی کیو استقبالیہکا انعقاد کیا گیا جس میں 200 سے زیادہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مہمانوں کو پاکستان کے پھلوں کے بادشاہ آم اور بار بی کیو پیش کیا گیا۔
امریکی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین مائیکل میک کول تقریب میں شامل
واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق استقبالیہ تقریب کی میزبانی امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کی، سینیٹر عرفان صدیقی اور امریکی کانگرس کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین رکن کانگریس مائیکل میک کول تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
Amb @Masood_Khan hosted a Pakistani Mango Festival Reception today, where guests were treated over some premium varieties of the King of Fruits & exquisite 🇵🇰mango delicacies like lassi, desserts, pickles & chutney #MangoDiplomacy #PakistaniMangoes 🥭 pic.twitter.com/oC6uML1paB
— Pakistan Embassy US (@PakinUSA) July 21, 2023
تقریب میں پاکستان کے سینیٹر ہدایت اللہ، پاکستان کی رکن قومی اسمبلی شکیلہ خالد لقمان، امریکا کے لیے سمال بزنس ایڈمنسٹریشن (ایس بی اے) کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر دلاور سید، ریاست کنکٹیکٹ ہاؤس میں ریاستی نمائندہ مریم خان، سفرا، کانگریشنل سٹاف،تھنک ٹینک کمیونٹی کے اراکین، میڈیا اور کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
مینگو ڈپلومیسی کا آغاز خوش آئند ہے: عرفان صدیقی
سینیٹر عرفان صدیقی نے پاکستان کی قومی زبان اردو میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پھلوں کے بادشاہ آم کی خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی سفیر مسعود خان کو مینگو ڈپلومیسی پر مبارکباد دی جو کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔
امریکی کانگریس رکن مائیل میک کول نے تقریب میں مدعو کرنے پر پاکستانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تقریب کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے جس نے مجھے پاکستانی کھانوں اور مزیدار آموں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا۔
مائیل میک کول نے پاکستان کے ساتھ ٹیکساس کے قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ وہ اس روایت کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ اہم تعلقات ہیں۔ پاکستان اور امریکا تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کر کے مزید قریبی شراکت دار بن سکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر مسعود خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں پاکستانی آم کی وسیع اقسام اور منفرد ذائقوں کے بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معیاری آم پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہےجس میں چونسہ، سندھڑی، انورراٹول، لنگڑا اور دسہری سب سے زیادہ مقبول ہیں۔
امریکا کو آموں کی برآمد کے لیے انسپیکشن فیسلٹی کا انتظام کیا جائے: مسعود خان
مسعود خان نے کہا کہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ ( ٹی آئی ایف اے) کے تحت پاکستان نے امریکا سے کہا کہ وہ امریکا کے مختلف حصوں کو بڑی مقدار میں آم برآمد کرنے کے لیے کراچی بندرگاہ پر پری انسپیکشن فیسلٹی کا انتظام کرے ۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر یو ایس سمال بزنس ایڈمنسٹریشن ( ایس بی اے) دلاور سید اس عمل میں شامل تھے اور امید ہے کہ متعلقہ امریکی حکام کی جانب سے اس عمل کو تیز کیا جائے گا۔
امریکی رکن کانگرس مائیکل میک کول اور دیگر امریکی معززین نے بھی مختلف سٹالز کا دورہ کیا جن میں پاکستانی آموں سے بنی مختلف مصنوعات کی نمائش کی گئی تھی۔