عبدالرزاق شرقتل کیس سے متعلق جے آئی ٹی کا 7 واں اجلاس مجعہ کو منعقد ہوا تاہم مقدمے میں نامزد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اس میں پیش نہیں ہوئے۔
جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کو اب تک 3 نوٹسز جاری کیے گئے ہیں لیکن وہ اور دیگر 3 ملزمان جمعے کو بھی کمیٹی کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔
سربراہ تحریک انصاف کو جے آئی ٹی نے اپنی صفائی کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ جے آئی ٹی عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف بلوچستان ہائیکورٹ میں سنگین غداری کیس کی پیروی کرنے والے عبدالرزاق شر ایڈووکیٹ کو 6 جون کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں تھانہ جمیل شہید میں مقدمہ درج ہوا تھا جس میں عمران خان کو نامزد کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے عمران خان اپنے گزشتہ بیانات میں اس قتل سے لاتعلقی کا اظہار کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 6 جون کو صبح ساڑھے 10 بجے کوئٹہ میں ایک وکیل کو قتل کیا گیا اور دن 2 بجے وزیراعظم کے مشیر نے الزام لگا دیا کہ اس کے قتل میں عمران خان ملوث ہے حالاں کہ مقتول کی بیوی کہہ رہی تھی کہ خاندان کے لوگوں نے اسے قتل کیا۔