نئے آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات نے پشاور میں پولیس لائنز میں واقع دہشتگرد حملے سے متاثر ہونے والی مسجد کا دورہ کیا ہے۔ اختر حیات نے پولیس کے جوانوں کے ہمراہ دہشتگردی سے متاثرہ مسجد میں نماز جمہ ادا کی۔ اس موقع پر سابق آئی جی معظم جاہ انصاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے پولیس افسران کے ہمراہ دھماکہ سے متاثرہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ نماز جمعہ کے بعد ملک و قوم کے لئے دعا کی گئی۔
چیف سٹی پولیس اور دیگر اعلی افسران نے اس موقعہ پر آئی جی اختر حیات کو مسجد میں ہونے والے دھماکے کی نوعیت اور ریسکیو آپریشن کے بارے میں بریف کیا۔
نماز جمعہ کے بعد پولیس جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے جس بہادری اور دلیری سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں کی معترف ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے اس موقعہ پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
سابق آئی جی پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ ضرور جیتیں گے۔
انہوں نے پولیس افسران کو دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنے اور پولیس کے جوانوں کو حوصلہ بلند رکھنے کی ہدایت کی۔
گزشتہ روز وفاقی حکومت نے معظم جاہ انصاری کی جگہ اختر حیات کو آئی جی خیبرپختونخوا تعینات کیا تھا۔