امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان کی معاشی بحالی اور افغانستان سمیت مشترکہ علاقائی خدشات کے حوالے سے امریکی حمایت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نےکہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعمیری، جمہوری اور خوشحال شراکت داری کا خواہاں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیشرفت کی نشاندہی کی اور امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے تعمیری طور پر مصروف عمل رہنے پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ تعمیری، جمہوری اور خوشحال شراکت داری کا خواہاں ہے۔
The United States supports a productive, democratic, and prosperous partnership with Pakistan. Had a good call with @BBhuttoZardari to discuss our support for Pakistan’s economic recovery and our shared regional concerns, including Afghanistan.
— Secretary Antony Blinken (@SecBlinken) July 24, 2023
ادھر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ انٹونی بلنکن نے بلاول بھٹو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی، تاکہ امریکا اور پاکستان کی تعمیری شراکت داری کی تصدیق کی جاسکے۔ سیکریٹری انٹونی بلنکن نے پاکستان کے عوام کے ساتھ امریکا کے تعاون میں ثابت قدمی پر زور دیا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی امریکا کی اولین ترجیح ہے۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکا، تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات اور مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا۔ انٹونی بلنکن نے پاکستان کے ساتھ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے معاہدے کی منظوری کا بھی خیر مقدم کیا اور معاشی بحالی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اصلاحات کی حوصلہ افزائی کی۔
FM @BBhuttoZardari had a telephone conversation with US Secretary of State @SecBlinken. They noted the positive momentum in Pakistan 🇵🇰 -U.S. 🇺🇸 relations and agreed to remain constructively engaged to promote peace, security and development. pic.twitter.com/lhZh2fBqxd
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) July 25, 2023
انٹونی بلنکن نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوری اصول اور قانون کی حکمرانی کا احترام پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ اقدار اس شراکت داری کو آگے بڑھانے میں رہنمائی کرتی رہیں گی۔ پاکستانی عوام نے دہشت گردی کے حملوں کے سبب بھاری نقصان اٹھایا ہے، امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو نے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے غیر مستحکم اثرات کے ساتھ ساتھ پُرامن اور مستحکم افغانستان میں امریکا اور پاکستان کے مشترکہ مفادات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔