پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس: عام انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت

ہفتہ 29 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین عمران خان کی زیرِ صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات کی جماعتی سطح پر تیاریوں اور سیاسی حکمت عملی سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ایوان بالا میں آرمی ایکٹ کی منظوری کے عمل میں تحریک انصاف کے اراکین کے کردار کا بھرپور جائزہ لیا گیا، اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے آرمی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری میں تحریک انصاف کے اراکین کے کردار کی باضابطہ تحقیقات کی منظوری دی۔

شبلی فراز پر مشتمل یک رکنی کمیشن

اجلاس میں قرار پایا کہ سینیٹر شبلی فراز پر مشتمل یک رکنی کمیشن معاملے کی جامع تحقیقات کرے گا، سینیٹر شبلی فراز پر مشتمل یک رکنی کمیشن بلا تاخیر تحقیقات مکمل کر کے چیئرمین تحریک انصاف کے ملاحظے کے لیے پیش کرے گا۔

شبلی فراز کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں پارٹی پالیسی سے انحراف کے مرتکب افراد کے خلاف تادیبی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی کی قیادت میں 5 رکنی کمیٹی

اجلاس میں حکومت کی جانب سے نہایت عجلت میں کی گئی قانون سازی کا جائزے کے لیے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں 5 رکنی کمیٹی قائم کی گئی۔ کمیٹی میںسینیٹر علی ظفر، سینیٹر شبلی فراز، ڈاکٹر بابر اعوان اور قاضی محمد انور کمیٹی میں شامل ہیں۔

علاوہ ازیں اجلاس میں سینیٹر علی ظفر کی سینیٹ میں بطور پارلیمانی رہنما نامزدگی کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔

اوورسیز لیزون کمیٹی

اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں سے پیہم روابط کے لیے عمر ایوب خان اور سینیٹر شبلی فراز پر مشتمل دو رکنی اوورسیز لیزون کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر کور کمیٹی کو ملک بھر میں 80 فیصد تنظیمی ڈھانچوں کی تکمیل اور بقیہ کی جلد تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جب کہ قومی و صوبائی پارلیمانی بورڈز کی جانب سے 90 فیصد نشستوں پر امیدواروں کے تعین کے لیے مرتب کردہ حتمی سفارشات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

بھرپور یومِ آزادی منانے کی منظوری

پارلیمانی بورڈز کی سفارشات کی روشنی میں امیدواروں کے تعین کا عمل چیئرمین عمران خان کی منظوری سے مکمل کیا جائے گا۔

کور کمیٹی کی جانب سے 14 اگست کو جماعتی سطح پر بھرپور یومِ آزادی منانے کی منظوری یومِ آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامی اجلاس جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

کورکمیٹی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اقتدار پر غاصب غیرقانونی حکومتوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی منظوری دی۔

چیئرمین عمران خان کے کردار کی تحسین

اس موقع پر تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کو جامع حکمتِ عملی کی تیاری کی ہدایت کی گئی۔ کور کمیٹی کی جانب سے جھوٹے، بےبنیاد اور سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات کی پیروی کے ذریعے قانون کی حکمرانی کے فروغ میں چیئرمین عمران خان کے کردار کی تحسین کی گئی۔

کور کمیٹی نے بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں حالیہ اضافوں کو عوام دشمن قرار دیکر مسترد کردیا اور وفاقی حکومت سے بجلی کے نرخوں میں اضافہ فوری واپس لینے اور عوام کے معاشی قتلِ عام سے گریز کی راہ اپنانے پر زور دیا۔

انتقامی کارروائیوں کی فوری بندش کی ضرورت پر زور

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی جانب سے حکومتی وزراء کے خواتین کیخلاف توہین آمیز زبانی حملوں کی شدید مذمت کی گئی، اور  چادر و چار دیواری کی حرمت کی پامالی اور تحریک انصاف کے کارکنان کیخلاف جاری انتقامی کارروائیوں کی فوری بندش کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں تحریک انصاف کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں ملوث سرکاری اداروں اور شخصیات کیخلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی پر اتفاق کیا گیا۔

علاوہ ازیں حکومتی سطح پر تحریک انصاف کیخلاف جاری جھوٹی اور بیہودہ پراپیگنڈہ مہم کے تدارک اور متبادل بیانیے کیلئے خصوصی میڈیا کمیٹی کو متحرک اور فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

انتخابات کی تیاریوں کی خصوصی ہدایت

کورکمیٹی کی جانب سے پنجاب اور اسلام آباد کی تنظیموں کو مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تیاریوں کی بھی خصوصی ہدایت کی گئی۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی جانب سے جیلوں میں قید کارکنان اور قائدین خصوصاً خواتین کارکنان کی ہمت، جرأت، استقامت اور ثابت قدمی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp