فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایشین کوالیفائرز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم پہلے مرحلے میں کمبوڈیا سے نبرد آزما ہوگی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے کے میچ 12 اور 17 اکتوبر کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں کل 20 ٹیمیں برتری کی جنگ لڑیں گی اور 10 بہترین ٹیمیں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
فیفا رینکنگ کی بنیاد پر 26 ٹیمیں پہلے ہی دوسرے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔ یوں 10 کوالیفائرز سمیت 36 ٹیموں کو 9 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ کی فاتح اور رنرز اپ ٹیمیں ورلڈ کپ 2026 میں شریک ہوں گی۔
2026ء میں فیفا ورلڈ کپ کہاں منعقد ہوگا؟
2026ء کا فیفا ورلڈ کپ 3 ممالک کینیڈا، امریکا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا۔ مقابلے کو 16 اضافی ٹیموں کی شرکت کے ساتھ وسعت دی جائے گی۔ جون 2026 ءکے وسط میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے میچز 5 ہفتوں تک جاری رہیں گے۔
فیفا ورلڈ کپ امریکا کے 11 شہروں میں کھیلا جائے گا، اس کے ساتھ میکسیکو کے 3 اور کینیڈا کے 2 اسٹیڈیمز میں مقابلے منعقد ہوں گے۔
2026 ءکے ٹورنامنٹ میں کتنی ٹیمیں حصہ لیں گی؟
فیفا مینز ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ شمالی امریکا میں فٹ بال کی مقبولیت میں مسلسل اضافے کے ساتھ آنے والے ورلڈ کپ کے میچوں میں بہت زیادہ شائقین شرکت کریں گے۔
2026 ءکے ٹورنامنٹ میں 80 میچ کھیلے جائیں گے، اگرچہ اس میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ امریکا 60 میچوں کی میزبانی کرے گا، بشمول تمام کوارٹر فائنل اور اس کے بعد کے میچز، جبکہ کینیڈا اور میکسیکو ہر ایک میں 10 میچوں کی میزبانی کریں گے۔