افغان حکومت نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں دھماکے کے بعد افغانستان میں طالبان حکومت کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تعزیتی بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے افغانستان میں طالبان حکومت کی طرف سے حکومت پاکستان سے دلی تعزیت کا اظہار اور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے بیان میں کہا کہ افغانستان کی اسلامی حکومت پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت دھماکے میں مارے جانے والے افراد کے لواحقین سے گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ایسے جرائم کو کسی طور بھی جائز قرار نہیں دیا جا سکتا، ایسے واقعات ہر سطح پر قابل مذمت ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار کی شام ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے میں اب تک 40 سے زیادہ افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 150 سے تجاوز کر گئی ہے۔