چاول کے حوالے سے پاکستان کے لیے یہ سال خوش آئند نظر آرہا ہے روس کے ساتھ چاول کی تجارت کے بعد دنیا بھر میں پاکستانی چاول کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔
چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن چیلا رام کے مطابق رواں مالی سال میں 3 ارب ڈالر کے چاول پاکستان سے برآمد کیے جائیں گے، پاکستان میں اس سال 80 لاکھ ٹن چاول کی پیداوار ہوئی ہے۔
بھارتی چاول کی برآمد پر پابندی کے باعث امریکا، چین، یورپ اور افریقہ سے پاکستانی چاول کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے، روس نے پاکستان کی 15 رائس کمپنیوں کو امپورٹ لسٹ میں شامل کر لیا ہے سیلابی صورتحال کے باوجود پاکستان سے گزشتہ مالی سال میں 2 ارب ڈالر کے چاول برآمد ہوئے۔
دوسری جانب مالیاتی اداروں نے ملکی برآمدات و درآمدات کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی برآمدات میں کمی سے معیشت کو تجارتی خسارے کا سامنا ہے، برآمدات میں کمی سے ملکی معیشت کو جولائی کے مہینے میں 1ارب 61 کروڑ ڈالر تجارتی خسارے کا سامنا رہا۔
رپورٹ کے مطابق ایک سال میں پاکستانی برآمدات کی شرح میں 8.6 فیصد کمی ہوئی جبکہ درآمدات پر عائد پابندیوں کے سبب ایک سال میں درآمدات کی شرح 26.4 فیصد کم ہوئی ہے۔
درآمدات پر عائد پابندیوں سے سالانہ تجارتی خسارہ 41.2 فیصد کم ہوا، جون 2023 کے مقابلے میں جولائی 2023 میں برآمد 12.7 فیصد کمی سے 2 ارب 6 کروڑ ڈالر رہی۔
برآمدات پر عائد پابندیوں سے جون 2023 کے مقابلے میں جولائی 2023 میں برآمدات 13.2 فیصد کمی سے 3 ارب 66 کروڑ ڈالر رہی۔ جون 2023 میں برآمدات 2 ارب 36 کروڑ ڈالر اور درآمدات 4 ارب 22 کروڑ ڈالر تھی۔
گزشتہ سال جولائی 2022 میں ملکی برآمدات 2 ارب 25 کروڑ ڈالر اور درآمد 4 ارب 98 کروڑ ڈالر تھی ۔