سپریم کورٹ آف پاکستان ( ایس سی پی ) نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے مقدمے کی 3 اگست کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
جمعہ کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے 2 صفحات پر مشتمل جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ انہیں متعلقہ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اپیل کا حق دینے کے لیے سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
حکم نامے کے مطابق اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ عدالت کے حکم کے بغیر کسی سویلین کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل نہیں ہو گا۔جس پر عدالت کو اٹارنی جنرل کی اس یقین دہانی پر مکمل اعتماد ہے۔
مزید پڑھیں
حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل کسی سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل شروع کرنے سے پہلے عدالت کو آگاہ کریں گے جب کہ سپریم کورٹ فریقین کو سننے کے بعد مناسب آرڈر جاری کرے گی۔کیس کی اگلی سماعت بینچ کی دستیابی پر مقرر کی جائے گی۔
وکیل قتل کیس میں عمران خان کی اپیل سماعت کے لیے مقرر
ادھر کوئٹہ میں وکیل قتل کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )عمران خان کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔
جمعہ کو بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ 9 اگست کو مقدمے کی سماعت کرے گا جب کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی بھی بنچ میں شامل ہوں گے۔
اس سے قبل ہونے والی سماعت میں جسٹس مسرت حلالی بنچ میں شامل تھیں ، نئے روسٹر کے مطابق جسٹس مسرت کی جگہ جسٹس حسن اظہر کو شامل کیا گیا ہے، عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔