بلوچستان کی نگراں کابینہ کے اراکین نے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ صوبہ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں واقع گورنر ہاؤس میں کابینہ اراکین نے حلف اٹھایا۔
گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے نگراں کابینہ کے ارکان سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی اور دیگر نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
5 رکنی نگراں کابینہ میں بلوچستان عوامی پارٹی سے پرنس احمد علی احمد زئی، مسلم لیگ ن کے سابق رہنما جان اچکزئی، سماجی تنظیم سے منسلک امجد رشید، سابق وائس چانسلر سبی یونیورسٹی عبدالقادر بلوچ اور کیپٹن ریٹائرڈ زبیر جمالی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی کی جانب سے 3 مشیروں کا بھی تقرر کیا گیا ہے۔ جن میں ثانیہ خان مشیر برائے سوشل ویلفئیروترقی خواتین، دانش لانگو مشیر برائے ایری گیشن اور عمیر محمد حسنی مشیر برائے مائنز اینڈ منرلز ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں مزید 6 وزرا حلف اٹھائیں گے۔
کیپٹن (ر) زبیر جمالی کو داخلہ و قبائلی امور اور جیل خان جات سمیت پی ڈی ایم اے کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے، امجد رشید خزانہ اور ریونیو کے وزیر ہوں گے جبکہ جان اچکزئی محکمہ اطلاعات کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر قادر بخش بلوچ محکہ تعلیم و سیاحت جبکہ پرنس احمد علی احمد زئی صنعت، کامرس، توانائی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے وزیر ہوں گے۔