گزشتہ کچھ عرصے سے ٹک ٹاک پر رتو ڈیرو، سندھ کے پرائمری اسکول ٹیچر فاروق فرید ابڑو کی ویڈیوز بہت مشہور ہو رہی ہیں۔ ان ویڈیوز میں وہ اپنے طلباء کے ساتھ مختلف نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں مشغول دکھائی دیتے ہیں۔ فاروق فرید کے مطابق ان کا خاندان مالی لحاظ سے مستحکم اور کپڑوں کے کاروبار سے منسلک ہے۔ انہوں نے اپنے شوق کے باعث اسکول ٹیچنگ کو ترجیح دی۔ فاروق ابڑو کے بقول 14 ماہ قبل محکمہ تعلیم میں شمولیت سے لے کر اب تک انہوں نے ایک بھی چھٹی نہیں کی۔
دوران تعلیم وہ مختلف سرگرمیوں سے بچوں کی سکول میں دلچسپی کو نہ صرف قائم رکھتے ہیں بلکہ یہ چیزیں بچوں کو سکول میں کھینچ لاتی ہیں۔ سیلاب کے باعث جب متاثرین نے اسکول کی بلڈنگ میں رہائش اختیار کی تو اس سے فرنیچر اور دوسرے سامان کو نقصان پہنچا ہے۔ٹک ٹاک اور اسکول کے بچوں کے اسٹار ٹیچرفاروق ابڑو محکمہ سندھ سے اپیل کرتے ہیں کہ اساتذہ کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ طلباء کے لیے بینچ اور دیگر سہولیات کا بھی انتظام کریں۔ اسی طرح اساتذہ کے لیے بھی ان کا پیغام ہے کہ وہ اپنے طالبعلوں کا اُسی طرح خیال رکھیں جیسے وہ اپنی اولاد کا رکھتے ہیں۔