سعودی ایئر لائن کی جانب سے پاکستان سے سعودیہ جانے والی پروازوں پر 50 فیصد تک کی رعایت کا اعلان کیا گیا ہے۔
سعودی ایئر لائن کی اس پیشکش کو 17 اگست سے کی گئی جب کہ سفر کے خواہشمند افراد کے لیے 30 اگست تک اپنے سفری طریقہ کار کو حتمی شکل دینا ضروری ہے۔ اس خصوصی پروموشن کے لیے ٹریول ونڈو ستمبر سے نومبر 2023 تک دستیاب ہوگی۔
واضح رہے کہ 50 فیصد تک کا یہ ڈسکاؤنٹ بزنس اور اکانومی کلاس دونوں کیٹیگریز پر لاگو ہے۔ مزید برآں خواہشمند افراد کو بغیر کسی فیس کے اپنی بکنگ میں پہلی ترمیم کرنے کی اجازت ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ایئر لائن کے ساتھ منسلک ایک اسسٹنٹ ٹکٹ سیلر اعزاز الرحمن کا کہنا تھا کہ یہ ایک پروموشنل آفر ہے جو کہ سعودی ائیر لائن کی جانب سے دی گئی ہے اور اس کا ایک محدود اسٹاک تھا جو کہ اب تقریبا ختم ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا یہ ٹکٹ کے حصول کے لیے مسافروں کا اس ہجوم تھا کہ اسٹاک چند دنوں میں ہی ختم ہو گیا تاہم اب بھی لوگ آ رہے ہیں اور اس ڈسکاؤنٹ کے بارے میں پوچھ رہے ہیں، اور ان میں تقریبا وہ تمام افراد ہیں جو عمرے کے لیے جانا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس طرح کی رعایتی پیشکش سعودی ایئر لائن کی جانب سے ماضی میں بھی کی جاتی رہی ہیں مگر ایسا نہیں کہ ہر سال اس طرح کی آفرز آئیں۔
ٹریول ایجنٹ فرحاد یوسف نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں رش بہت زیادہ بڑھ گیا اور انہوں نے صرف پیر کے روز تقریبا 370 ٹکٹس فروخت کیے۔ وہ کہتے ہیں کہ عام طور پر اتوار کو ہم چھٹی کرتے ہیں لیکن اس بار گزشتہ اتوار کو بھی آفس کھلا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تو مزید رش بڑھے گا کیوں کہ ہمارے پاس 24 اگست کی رات 12 تک کا وقت ہے۔
مختلف ایجنٹس مختلف ریٹس پر کیوں بیچ رہے ہیں اس حوالے سے فرحاد یوسف نے بتایا کہ سعدی ایئر لائن کی جانب سے 50 فی صد تک کا ڈسکاؤنٹ ہے مگر ٹریول ایجنٹس کو زیادہ سستے پڑ رہے ہیں اس لیے ہر کوئی اپنے مارجن کے مطابق بیچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکثر جب کوئی تیسری پارٹی شامل ہو تو وہ تیسری بھی اپنا مارجن رکھتی ہے اس لیے ہر کوئی اپنے حساب سے منافع وصول کر رہا ہے اور ہمارے پاس اس وقت ریٹرن ٹکٹ تقریبا 90 ہزار روپے کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کرنے والے افراد کے لیے تو بہت بڑی خوشخبری ہے کیونکہ ہوائی سفر کے اخراجات بھی مہنگے ہو چکے تھے اور جب بھی کوئی بھی شخص آتا تھا تو اسکا یہی سوال ہوا کرتا تھا کہ کچھ ایسا ہو کے عمرہ پیکج 2 لاکھ تک بن جائے اور اب اس آفر کے بعد ایک نارمل عمرہ پیکج 1 لاکھ 60 ہزار میں بآسانی بن رہا ہے۔
ٹور آپریٹر محمد طلحہ نے بتایا کہ سعودی ایئر لائن کی جانب سے دنیا کے تقریباً تمام ممالک کو یہ ڈسکاؤنٹ فراہم کیا گیا ہے اور یہ مختلف ممالک میں مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 70 فی صد تک ڈسکاؤنٹ دیا گیا ہے جب کہ پاکستان میں 50 فی صد ڈسکاؤنٹ دیا گیا جو کہ اب ختم ہو چکا ہے یعنی ڈسکاؤنٹ تو 30 اگست تک ہے مگر ایئر لائن کا محدود اسٹاک تھا جو کہ ابتدائی 2 سے 3 دن میں ختم ہو چکا تھا۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ بلکل ایسا ہی جیسے کوئی کپڑوں کی سیل لگائے اور اس کے پاس موجود اسٹاک بالکل ختم ہو جائے مگر ان کی جانب سے دی گئی آفر میں پھر بھی دن باقی رہتے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اب تک 6 ہزار ٹکٹس فروخت کیے ہیں مگر ٹور آپریٹرز کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا۔
ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرنے والے محمد عمران نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے اپنے خاندان کے 6 افراد کے ساتھ عمرے پر جانا چاہ رہے تھے مگر ٹکٹس کی قیمت کافی زیادہ تھی تاہم اس ڈسکاؤنٹ کے بعد ان کے لیے کافی آسانی ہو گئی۔ وہ کہتے ہیں کہ جو ٹکٹ عام دنوں میں 1 لاکھ 50 ہزار سے بھی زیادہ قیمت کا تھا ان کو تقریبا 86 ہزار روپے میں مل گیا ہے جس کی وجہ سے وہ بے حد خوش ہیں کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرنے جائیں گے۔
وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک اور خریدار کا کہنا تھا کہ انہیں اسلام آباد سے جدہ اور پھر جدہ سے اسلام آباد آنے والی ڈائریکٹ فلائٹ کے ٹکٹس 1 لاکھ 6 ہزار روپے میں ملے ہیں جو کہ انہوں نے ایک ڈیلر کے ذریعے خریدے ہیں۔ وہ کافی خوش تھے جب انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مالیت کے ٹکٹ انہیں اتنی کم قیمت پر مل گئے جس کی وجہ سے اب عمرے کے علاوہ وہ کچھ شاپنگ بھی کر پائیں گے۔