بلوچستان کے گلوکاروں نے وزیراعظم تک مطالبات پہنچانے کا انوکھا ذریعہ ڈھونڈ لیا ہے۔ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک گیت وائرل ہوا جس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے لوک گلوکار گل میر جمال نے گزشتہ ایک سال سے خستہ حال پنجرہ پل کی تعمیر کا مطالبہ گیت گا کر کیا تھا۔ اس پر آج نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پنجرہ پل کی جلد تعمیر کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
پنجرہ پل کا مسئلہ حل ہونے کے بعد ایک اور گانا سوشل میڈیا پر وائرل ہونا شروع ہوگیا ہے۔ اس بار بلوچستان کے لوک گلوکار نے اوستا محمد میں ٹرین کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی سے تعلق رکھنے والے لوک گلوکار دائم جمالی نے اپنے گیت کے بول میں نگران وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم کاکڑ صاحب بلوچستان کی شان ہے اوستا محمد کو ٹرین دیگا بلوچستان کی شان ہے۔‘
دائم جمالی نے اپنے گانے میں اوستا محمد کو درپیش مسائل جن میں تعلیم، گیس، بجلی اور پانی کی فراہمی کا بھی ذکر کیا ہے۔
مزید پڑھیں
دائم جمالی نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں نے یہ گانا جیوے جیوے پاکستان کی طرز پر بنایا ہے جس میں نگران وزیراعظم سے اوستا محمد کے دیرینہ مسائل کے حل کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ گانے کے ذریعے اپنے مسائل کے بارے میں حکام بالا کو آگاہ کرنا نہایت آسان ہے۔
دائم جمالی نے اپنے ایک ویڈیو بیان نے کہا کہ ہمیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بہت امیدیں ہیں کہ وہ ہمارے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ سندھ کی طرح بلوچستان کے گلوکاروں کو بھی نوکریاں دی جائیں گی۔