اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ڈی ایچ اے فیز ۲ میں تیندوے کے داخل ہونے کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ تھانہ سہالہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق تیندوا گلدار نسل کا اور انتہائی خطرناک ہے۔ تیندوے کو کسی نے گھر میں پالا ہوا ہے جو نقصان دہ اور غفلت ہے۔
گھر میں خطرناک جانور رکھنے والے نامعلوم افراد نے عام لوگوں کی زندگی خطرہ میں ڈالی۔ تیندوا گھر میں پالنے والے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ڈی ایچ اے فیز ۲ میں اچانک نمودار ہونے والے تیندوے نے تین افراد کو زخمی کر دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ڈی ایچ اے فیز 2 کے ایک زیر تعمیر گھر میں چیتا گھس جانے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ تندومند تیندوے نے کئی گھنٹوں تک وائلڈ لائف کے عملے کو بری طرح تھکا دیا تھا ۔
ریسکیو آپریشن کے دوران تیندوے نے ڈی ایچ اے کے گارڈ کے علاوہ محکمہ وائلڈ لائف کے دو اہلکاروں کو بھی زخمی کیا۔ تیندوے نے خود کو پکڑنے کے لیے لگائے گئے دو جال بھی پھاڑ دیئے تھے۔
وائلڈ لائف عملے نے آٹھ گھنٹے کی کوشش کے بعد تیندوے کو قابو کیا۔ تیندوے کو ایک گھر کے بیسمنٹ میں بند کرکے بے ہوشی کا انجکشن دیا گیا اور بے ہوش ہونے پر پنجرے میں منتقل کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق تیندوا نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک رہائشی کا پالتو ہے۔ملازم سے پنجرا کھلا رہنے کے باعث تیندوا بھاگ نکلا تھا۔
محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ تیندوے کو بحفاظت ریسکیو کر لیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ تیندوے کو طبی معائنے کے بعد مسکن میں آزاد کر دیا جائے گا۔ تیندوے کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں موجودگی کی تحقیقات بھی کی جائیں گی۔