پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئینٹی سیریز کے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقہ کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جمعے کو ہونے والے پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان 150 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے 20 ویں اوور کی آخری گیند پر 151 رنز کا ہدف پورا کرکے میچ جیت لیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز کے اختتام پر 150 رنز بنائے۔ تزمین برٹس 78 رنز بناکر نمایاں رہیں جنہوں نے یہ شاندار رنز 64 گیندوں پر بنائے۔ لارا وولوارٹ نے 44 رنز جبکہ میریزین کیپ نے 19 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے نشرح سندھو، سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے بالترتیب 20، 22 اور 38 رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مہمان ٹیم کے دیے گئے 151 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ بسمہ معروف نے 30 گیندوں پر 37 رنز، سدرہ امین 31 گیندوں پر 33 رنز اور 26 گیندوں پر ناقابل شکست 28 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے میریزین نے 24 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کو 3 میچوں کی اس سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔