عرب خلائی مشن مکمل، امارات کے ہیرو سلطان النیادی خلا سے واپس پہنچ گئے

پیر 4 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی اور ان کے عملے کے ساتھی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر 6 ماہ کے مشن کے بعد متحدہ عرب امارات کے مقامی وقت کے مطابق کامیابی و کامران زمین پر اتر گئے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ناسا نے پیر کو اعلان کیا کہ اسپیس ایکس ڈریگن کیپسول پر سوار عملہ 17 گھنٹے کا خلائی سفر کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد فلوریڈا کے جیکسن ویل کے ساحل پر بحر اوقیانوس میں اتر گیا۔

کیپسول کو پانی سے اٹھا کر ایک ریکوری برتن میں رکھا گیا جس کے بعد خلابازوں کو ایک ایک کر کے کیپسول سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ توقع ہے کہ انہیں فلوریڈا میں ناسا کی سہولت پر لے جایا جائے گا جہاں ان کے خاندان بے صبری سے ان کا انتظار کر رہے ہیں۔

عملے کے ارکان اپنے گھروں کو جانے سے پہلے فلوریڈا میں طبی ٹیسٹ کرائیں گے۔ خلائی اسٹیشن پر 184 دن گزارنے کے بعد، سلطان النیادی نے اتوار کو انٹرنیشنل اسپیس سٹیشن چھوڑا تھا۔

خلا میں اپنے آخری دن، النیادی نے کیپسول کے ہیچ بند ہونے سے پہلے خلائی اسٹیشن میں موجود اپنے دوستوں کو الوداع کہا۔

اس مشن کے دوران اماراتی خلانورد سلطان النیادی نے خلائی چہل قدمی کرنے والے پہلے عرب بن کے تاریخ رقم کی۔

توقع ہے کہ جب وہ امریکا میں طبی معائنے کے بعد متحدہ عرب امارات واپس آئیں گے تو انہیں ہیرو کا اعزاز ملے گا۔ متحدہ عرب امارات میں شاہراہوں پر نصب الیکٹرانک بل بورڈز پر النیادی کی آمد کی الٹی گنتی دکھائی گئی تھی جس میں ’سفر بخیر، سلطان‘بھی تحریر تھا۔

واپس آنے والے خلابازوں میں ناسا کے خلانورد سلطان النیادی کے علاوہ اسٹیفن بوون، وارن ہوبرگ اور آندریو فدایوف بھی شامل ہیں۔

عملے نے 13 فٹ چوڑی کریو ڈریگن گاڑی کو جیکسن ویلے، فلوریڈا کے ساحل سے دور اپنے ہدف پرکامیابی سے لینڈ کیا۔ کریو ڈریگن کیپسول نے 27 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے سفر کیا اور جیسے ہی اس کی اسپلیش ڈاؤن لینڈنگ کا آخری مرحلہ شروع ہوا تو خلائی جہاز کا بیرونی حصہ تقریباً ایک ہزار 900 ڈگری سیلسیس تک گرم ہو گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp