ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں 10 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے مابین اہم ترین میچ کھیلا جانا ہے مگر بارش کی وجہ سے یہ میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے بعد ایشین کرکٹ کونسل نے اب فیصلہ کیا ہے کہ اگر بارش کی وجہ سے یہ میچ متاثر ہوگا تو اسے اگلے دن وہیں سے شروع کیا جائے گا تاکہ میچ نتیجہ خیز بنائے جاسکیں۔
مزید پڑھیں
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو مسلسل یہ تجویز پیش کی جارہی تھی کہ یا تو کولمبو سے میچ منتقل کردیے جائیں یا پھر متبادل دن مقرر کیا جائے، مگر اے سی سی اس معاملے میں مسلسل انکاری رہی لیکن جب دباؤ مسلسل بڑھتا گیا تو 10 ستمبر کو ہونے والے میچ کے لیے متبادل دن رکھنے پر آمادگی کا اظہار کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں بارش کی وجہ سے براڈکاسٹرز کو شدید مالی نقصان کا اندیشہ تھا جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل نے متبادل رکھنے کی منظوری دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک ترجمان نے وی نیوز کو سپر 4 مرحلے کے مقابلے کے لیے متبادل دن منظور کرنے کی تصدیق کی ہے مگر فائنل کے لیے متبادل رکھنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان سپر 4 مرحلے کا اہم مقابلہ 10 ستمبر بروز اتوار کو ہوگا اور شائقین کرکٹ یہ امید لگائے بیٹھے ہیں کہ پہلے مرحلے کی طرح یہ میچ بھی بارش کی وجہ سے متاثر نہ ہو۔
’بنگلہ دیش کرکٹ‘ کا ٹوئٹ
’بنگلہ دیش کرکٹ‘ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ سپر 11 ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں انڈیا پاکستان کے مقابلے کے لیے ایک ریزرو ڈے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس نے ایشیا کپ کی پلیئنگ کنڈیشن کو مؤثر طریقے سے تبدیل کیا ہے۔
A reserve day for India Pakistan contest in Super 11 Asia Cup Super 4 stage has been added that effectively revised the Asia Cup playing condition. To clarify on the position, the decision was taken with the consent of all four participating teams and ACC.
— Bangladesh Cricket (@BCBtigers) September 8, 2023
ٹوئٹ کے مطابق فیصلہ چاروں شریک ٹیموں اور اے سی سی کی رضامندی سے کیا گیا۔