پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک بار پھر 90 روز کی آئینی مدت میں انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے، اور اس سلسلے میں صدر مملکت عارف علوی اور سپریم کورٹ آف پاکستان پر بھی کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی اور قومی جماعت ہے جو وفاق کی تمام اکائیوں میں یکساں طور پر مقبول ہے، اور ہم پاکستان کے قومی مفادات اور ترجیحات کا مکمل ادراک رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں
پی ٹی آئی کے مطابق ملک میں پھیلے سیاسی عدم استحکام اور معاشی بدحالی سے نجات دستور کی منشا پر اس کی روح کے مطابق عمل میں مضمر ہے۔ قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز میں انتخابات کا شفاف انعقاد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آئین صدرِمملکت اور عدالتِ عظمیٰ پر نہایت اہم ذمہ داری ڈالتا ہے اور انہیں طے شدہ مہلت کے اندر ان انتخابات کے انعقاد کا پابند بناتا ہے۔
’پاکستان تحریک انصاف پُرامید ہے کہ صدرِمملکت اور سپریم کورٹ آف پاکستان اپنی دستوری ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ برا ہوں گے‘۔
پی ٹی آئی نے کہاکہ امید ہے صدرِمملکت اور عدالتِ عظمیٰ عوامی فلاح کے مقاصد کے حصول کے لیے ایک جمہوری پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئینی طور پر عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔