پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل استقبال کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے جہاں چیف آرگنائزر مریم نواز متحرک ہیں وہیں دیگر رہنما بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے پارٹی کا تنظیمی اجلاس کل دن ایک بجے طلب کر لیا ہے، اجلاس میں ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کے عہدیدار، سابق ممبران قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز شرکت کریں گے۔
اجلاس میں چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
مزید پڑھیں
اجلاس کا ایجنڈا پارٹی قائد نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے ہوگا۔
اس حوالے سے صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ ن راناثنااللہ نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے شیر اپنے قائد کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، قائد کا استقبال تاریخ ساز ہو گا۔
راناثنااللہ نے کہاکہ نواز شریف کا استقبال اصل میں پاکستان کے حالات کو تبدیل کرنے کی امید کا مظہر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو نواز شریف جیسے تجربہ کار، محنتی اور ہمیشہ مشکل حالات سے نکالنے والے لیڈر کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم و قائد پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے 21 اکتوبر کو وطن واپسی کا اعلان کر دیا ہے، اور مسلم لیگ ن نے اس حوالے سے استقبالیہ تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔