چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے، تاہم مذکورہ درخواست پر سماعت کی تاریخ کا تعین آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر کیس میں ضمانت کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کی جانب سے کیس کی سماعت اسی ہفتہ کرنے کی استدعا عدالت نے مسترد کردی۔
چیف جسٹس عامر فاروق بولے؛ آپ کی درخواست آئندہ پیر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی جائے گی۔ جس پر سلمان صفدر نے دوبارہ استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسی ہفتے کی تاریخ مل جائے تو بہتر ہو گا۔
اس موقع پر چیف جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ طریقہ کار موجود ہے یہ سسٹم آٹو پر چل رہا ہے، آپ اور مجھ سے پہلے بھی یہ نظام ایسے ہی چل رہا تھا۔ ’سلمان صاحب آپکا شکریہ، آپکا دن اچھا گزرے۔‘