آسٹریلیا کے ساحلی شہر گولڈ کوسٹ میں ایک شہری کو اپنے پالتو سانپ کے ساتھ سرفنگ کرنے پر 2 ہزار آسٹریلوی ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر بنی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہیگور فیوزا کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات اور سائنس نے ان پر 2 ہزار 3 سو 22 آسٹریلین ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے۔
ہیگور فیوزا اس سے قبل کئی دفعہ اپنے پالتو پائیتھن ’شیوا‘ کے ساتھ سرفنگ کے لیے ساحل پر آتے جاتے رہے ہیں لیکن اس بار انہیں ’شیوا‘کو سمندر میں لے جانا مہنگا پڑ گیا۔ شیوا موریلیا بریڈلی کی نسل کا خطرناک سانپ ہے یہی وجہ سے پولیس کو ہیگور فیوزا کا جرمانہ کرنا پڑا کیوکہ عوامی مقامات پر یہ شہریوں کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔
چینل نائن سے گفتگو میں ہیگور نے بتایا کہ شیوا صرف تھوڑی دیر کے لیے ان کے ساتھ سمندر میں جاتا ہے، جہاں وہ صرف پانی میں کھیلتا اور کچھ دیر بعد واپس سرفنگ بورڈ پہ بیٹھ جاتا ہے۔ ’وہ ساحل سمندر پہ جا کے بہت خوش رہتا ہے کیوکہ اس کو پانی بہت پسند ہے۔‘
دوسری جانب شیوا کی وائرل سرفنگ ویڈیو دیکھنے کے بعد کوئینز لینڈ کے محکمہ ماحولیات اور سائنس سے وابستہ جنگلی حیات سے متعلق آفیسرز پالتو سانپ ’شیوا‘ کی فلاح و بہبود کے لیے فکر مند تھے۔ ان کے مطابق شیوا کا سمندر میں رہنا اس کے صحت کے لیے برا ثابت ہوسکتا ہے کیوکہ سمندر میں صرف سمندری سانپ ہی رہنا چاہییں۔
ایسے ہی ایک جنگی حیات کے آفیسر جوناتھن مکڈونلڈ کا کہنا تھا کہ سانپ حقیقاً ٹھنڈے خون والے جانور میں شمار کیے جاتے ہیں، گوکہ وہ تھوڑا بہت تیر سکتے ہیں مگر رینگنے والی بیشتر مخلوق کی طرح وہ پانی سے گریز کرتے ہیں۔’پائیتھن نے یقیناً سمندری پانی کو انتہائی سرد پایا ہوگا۔ سمندر میں فقط وہی سانپ ہونے چاہییں جو سمندری سانپ ہوتے ہیں۔‘
جوناتھن مکڈونلڈ کے مطابق جرمانہ کی سزا پانیوالے شہری ہیگور فیوزا کے پاس اس سانپ کو اپنے پاس رکھنے کا اجازت نامہ تھا لیکن وہ اسے اپنے گھر سے باہر کسی عوامی مقام پر نہیں لے جاسکتے تھے۔’مقامی پالتو جانوروں کو گھر سے باہر لے جانا ان جانوروں کو غیر ضروری تناؤ کا شکار بنا سکتا ہے، کیونکہ گھر کی دیواروں سے آزاد ہو کر وہ غیر متوقع طریقے سے برتاؤ کر سکتے ہیں۔‘
یہی وجہ ہے کہ محکمہ ماحولیات اور سائنس نے ہیگور فیوزا کو بغیر اجازت اپنے پالتو سانپ کو گھر سے باہر عوامی مقام پر لے جانے پر 2 ہزار 3 سو 22 آسٹریلین ڈالر جرمانہ عائد کیا ہے۔
ویڈیو میں ہیگور فیوزا اپنے پالتو سانپ شیوا کے ہمراہ سرفنگ کے لیے مشہور گولڈ کوسٹ کے ساحل پر پانی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، یہی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا باعث بنا اور شہریوں اور مختلف انجمنوں کی تنقید کا نشانہ بھی۔