نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہاکہ خلیجی ممالک پاکستان کے بڑے شراکت دار ہیں، آئی ٹی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لیے تیار بھی ہیں، یہی وجہ ہے کہ آئندہ ماہ خلیجی ممالک کے سربراہوں کی پاکستان آمد متوقع ہے جہاں بہت سارے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ترک ٹٰی وی چینل ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ ہمارا بنیادی ہدف پاکستان میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے، پاکستان کی معاشی مضبوطی سیاسی استحکام سے مشروط ہے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان میں بھی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی سے ہی مشروط ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہمیں بھی قیمتیں بڑھانا پڑتیں۔
مزید پڑھیں
جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں، خصوصی سرمایہ کاری کونسل کا بنیادی مقصد عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا مضبوط اور قابل اعتماد دوست ہے، پاکستان اور چین سی پیک کے 10 سال پورے ہونے کی سالگرہ منا رہے ہیں۔ سی پیک کے تحت بہت بڑے منصوبے چل رہے ہیں اور اگلے مرحلے کا بھی آغاز ہونے والا ہے جس میں زراعت، اور ریلوے پر توجہ دی جائے گی۔
دہشتگردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ابھی بھی پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم افغانستان میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ہمسایہ ملک افغانستان اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین کسی اور کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی اور پاکستان کے اندر حملوں میں ملوث کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔