وہیل کی زور دار ٹکر سے کشتی الٹ گئی، ایک شخص ہلاک

ہفتہ 30 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا میں ایک وہیل مچھلی کے ٹکرانے سے کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مچھلی کے شکار پر گئے دو افراد سڈنی سے 14 کلومیٹر دور سمندر میں موجود تھے جب ایک وہیل مچھلی اچانک ان کی کشتی سے ٹکرا گئی۔ وہیل کی ٹکر اس قدر شدید تھی کہ کشتی فوراً الٹ گئی اوراس میں سوار دونوں افراد اچھل کر سمندر میں جا گرے۔

بعد ازاں وہاں سے گزرنے والی ایک دوسری کشتی میں سوار افراد نے سمندر میں تیرتی خالی کشتی سے متعلق حکام کو آگاہ کیا۔

پولیس کے مطابق دونوں افراد تقریباً 45 منٹ تک سمندر میں موجود رہے جس کے بعد ریسکیوٹیم نے انہیں سمندر سے نکالا۔ حادثے کے نتیجے میں 53 سالہ کشتی کے کپتان کو معمولی چوٹیں آئیں البتہ 61 سالہ شخص کی موقع پر موت واقع ہو گئی تھی۔

متعلقہ پولیس سپرانٹینڈنٹ نے اس واقعے کو افسوسناک حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشتی کے کپتان نے اپنے ساتھی کو بچانے کے لیے اسے 45 منٹ تک اپنے ہمراہ سنبھالے رکھا۔

مزید پڑھیں

اس سے قبل جون میں بھی مغربی آسٹریلیا کے سمندر میں ایک بڑی وہیل مچھلی سامنے سے آکر ایک کشتی سے ٹکرا گئی تھی جس میں 8 ڈینش باشندے سوار تھے تاہم میری ٹائم حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو بچا لیا تھا۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ کشتیوں کو بڑی وہیل مچھلی سے 100 میٹر کا فاصلہ رکھنا چاہیے اور اگر وہیل اپنے بچے کے ہمراہ ہو تو کشتی کو 300 میٹر دور رکھنا چاہیے۔

واضح رہے آسٹریلیا کے پانیوں میں چھوٹی وہیل مچھلیوں کی 20 جبکہ بڑی وہیل مچھلیوں کی 10 اقسام ہیں لیکن وہیل مچھلیوں کے باعث انسانوں کی ہلاکت کے واقعات کم ہی دیکھنے اور سننے میں آتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp