خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا ہے اور اس دوران 10 امن دشمنوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ٹانک کے علاقے پیزو میں آپریشن کیا، اس دوران فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، اس کے علاوہ بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اہل علاقہ نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں۔