احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔جیو نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید نے کیس میں عدم حاضری اور استثنیٰ کی درخواست دائر نہ کئے جانے پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
عدالت نے سابق چیئر پرسن اوگرا عظمیٰ عادل کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کیے ہیں۔
احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کو آج طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے اور ان کی جانب سےکوئی وکیل بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
یاد رہےشاہد خاقان عباسی کو 18 جولائی 2019 کو قومی احتساب بیورو نے مائع قدرتی گیس کیس میں گرفتار کیا تھا ۔
اور انہیں فروری 2020 میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت پر رہا گیا گیا تھا۔
شاہد خاقان عباسی پر الزام ہےکہ انہوں نے اس وقت قواعد کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کے لیے 15 سال کا ٹھیکہ دیا۔ ٹھیکہ اس وقت دیا گیا تھا جب سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں شاہد خاقان عباسی وزیر پیٹرولیم تھے۔
بعدازاں 3 دسمبر 2019 کو نیب نے احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس دائر کیا تھا۔