آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا تیسرا میچ بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان دھرم شالہ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ افغانستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں اب تک کے سب سے کم اسکور 156 پر آؤٹ ہوئی۔ تاہم بنگلہ دیش نے 34ویں اوور میں 4 کھلاڑی آؤٹ پر ہدف حاصل کر لیا۔
بنگلہ دیش کے اوپنر بیٹر تنزید حسن 58 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، لٹن داس 13 رنز بنا سکے اور فضل فاروقی کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ مڈل آرڈر بیٹر مہدی حسن اور نجم الحسین کی پارٹنر شپ کی بدولت بنگلہ دیش ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔
مہدی حسن میراز نے 57 رنز بنائے اور نوین الحق نے ان کو آؤٹ کیا۔ کپتان شکیب الحسن 14 رنز بنا کر عظمت اللہ عمرزئی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ نجم الحسن شنٹو 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی، عظمت اللہ عمرزئی اور نوین الحق نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
افغانستان کے اوپنرز نے شروعات میں اچھا کھیل پیش کیا لیکن 48 اسکور پر پہلی وکٹ، دوسری وکٹ 83 اسکور پر گری۔ 112 کے مجموعی اسکور پر تیسری اور چوتھی وکٹ بھی گرگئی۔
افغانستان کے مڈل آرڈر بیٹر زیادہ دیر کریز پر ٹھہر نہ سکے اور پانچویں وکٹ بھی 122 رنز پر گرگئی، چھٹی وکٹ 126 کے مجموعی اسکور پر گری، 150 پر ساتویں اور آخری 3 وکٹیں 156 کے مجموعی اسکور پر ہی گر گئیں۔
اوپنر ابراہیم زدران شکیب الحسن کی گیند پر 22 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، رحمت شاہ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کو بھی شکیب الحسن نے ہی آؤٹ کیا۔
رحمت اللہ گرباز کو 47 رنز پر مستفیظ الرحمٰن نے آؤٹ کیا۔ ہشمت اللہ شاہدی 18 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ نجیب اللہ زدران 5 رنز بنا کر شکیب الحسن کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔
افغانستان کے مایا ناز آلراؤنڈر محمد نبی بھی زیادہ دیر پچ پر نہ ٹھہر سکے اور تسکین احمد کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، راشد خان 9 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر آؤٹ ہوئے، عظمت اللہ عمر زئی 22 رنز بنا کر شرف الاسلام کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ مجیب الرحمٰن 1 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں بولڈ ہوئے، جبکہ نوین الحق صفر رنز پر شرف الاسلام کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ شکیب الحسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہدی حسن میراز نے بھی 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
یاد رہے میگا ایونٹ کے اس مقابلے میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، اور افغانستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
افغانستان کی ٹیم میں اچھے اسپنرز جبکہ بنگلہ دیش کے پاس اچھے بیٹرز موجود ہیں اور فارم میں بھی ہیں۔ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں اچھا پرفارم بھی کر چکے ہیں۔
افغانستان کی ٹیم میں بھی اچھے بیٹرز موجود ہیں جیسے رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران کسی بھی وقت اپنی پرفارمنس سے میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔
افغانستان کے اسپنرز میں راشد خان اور محمد نبی بہترین اسپنرز کی دوڑ میں شامل ہیں اور ہر میچ میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بنگلہ دیش کے کپتان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن، نجم الحسن شنٹو اور مہدی حسن میراز بیٹنگ میں افغانستان کے بولرز کو مشکلات کا شکار کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں کتنی بار آمنے سامنے آئیں
دونوں ٹیموں نے 2 مرتبہ ورلڈ کپ مقابلوں میں ایک دوسرے کا سامنا کیا ہے۔ ان دونوں میچز میں بنگلادیش کامیاب رہا۔
ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی کارکردگی بھی کبھی خاص نہیں رہی، اور گزشتہ ایشیا کپ میں بھی ٹیم اچھا پرفارم نہیں کر سکی۔ ورلڈ کپ سے پہلے ہوم سیریز میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 2-0 سے شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
دوسری جانب افغانستان کا ورلڈ کپ میں کوئی بڑا ریکارڈ نہیں ہے۔ وہ اس سے پہلے 2 ون ڈے ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں (2015 اور 2019) اور اپنے 15 میچوں میں سے صرف اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایک میچ جیت سکے ہیں۔
آخری 5 میچوں کی کارکردگی
آخری 5 میچوں میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی متاثرکن نہیں رہی، افغانستان ابھی تک کھیلے گئے آخری 5 میچوں میں سے کوئی ایک میچ بھی نہیں جیت سکا، جبکہ بنگلا دیش اپنے آخری 5 میچز میں سے 3 ہارا، ایک جیتا اورایک بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔
بنگلہ دیش کا اسکواڈ
بنگلہ دیش کے اسکواڈ میں کپتان شکیب الحسن، نجم الحسن شنٹو، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن، محمود اللہ، مہدی حسن میراز، مشفق الرحیم، مستفیظ الرحمٰن، نسوم احمد، شریف الاسلام، تنظید حسن، تنظیم حسن ثاقب، تسکین احمدا ور توحید ہردوئے شامل ہیں۔
افغانستان کا اسکواڈ
افغانستان کے اسکواڈ میں کپتان ہشمت اللہ شاہدی، عبدالرحمٰن، عظمت اللہ عرمزئی، فضل حق فاروقی، ابراہیم زدران، اکرم علی خل، محمد نبی، مجیب الرحمٰن، نجیب اللہ زدران، نوین الحق، نور احمد، رحمٰن اللہ گرباز، رحمت شاہ، راشد خان اور ریاض حسن شامل ہیں۔